پیغام قرآن و حدیث اور اسلامی ضابطہ حیات
آج بڑے بھائی یوسف ثانی کی طرف سے کتب کا تحفہ موصول ہوا، اللہ ان کو اجر عظیم دے۔ کتابوں کا سرسری جائزہ لینے پر اندازہ ہوا کہ یوسف بھائی نے جو محنت
کی ان شاء اللہ وہ اللہ کے ہاں ان کی نجات کا ذریعہ ہوگی۔
کتابوں کا مختصر تعارف
🔶 پیغام قرآن و حدیث
یہ کتاب دراصل مضامین قرآن و حدیث کا ایک مکمل انسائیکلوپیڈیا ہے۔ نو سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ کتاب مکمل قرآن اور احادیث کے وسیع ذخیرے کا ایک نچوڑ آپ کے سامنے رکھ دیتی ہے۔ جس پر یوسف بھائی تعریف کے مستحق ہیں۔ یہ کتاب دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں پہلا حصہ پیغام قرآن اور دوسرا پیغام حدیث ہے جس میں مرتب نے جو اسلوب اختیار کیا ہے وہ ایک مؤثر اور اپنے انداز میں لاجواب ہے۔
🔸 پیغام قرآن
456 صفحات پر مشتمل یہ حصہ مکمل قرآن سے مضامین قرآن کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ ہر پارے کے شروع میں اس کے مضامین کو عنوانات کی صورت میں ایک فہرست کی شکل دی گئی ہے اور پھر اگلے ہر صفحے سے ان عنوانات کو واضح کرنے کے لیے آیات کا عربی متن چھوڑ کر صرف آسان اردو میں مفہوم پیش کیا گیا ہے جس کے سکرین شاٹ کمنٹس میں آپ ملاحظہ کر سکتے ہیں، جس سے عام انسان کو سب کچھ ایک ترتیب سے مل جاتا ہے اور یوں مکمل قرآن اور اس کا پیغام آسان الفاظ میں یوسف بھائی نے ساڑھے چار سو صفحات میں سمو دیا ایسے جیسے سمندر کو کوزے میں بند کردیا ہو۔ خاص بات یہ کہ ہر عنوان کے تحت آیات کا مفہوم پیش کرتے ہوئے ہر آیت کے مرکزی مضمون کی نشاندہی کرنے والے الفاظ کو جلی اور خط کشیدہ کیا گیا ہے جس سے پڑھنے والے کے لیے ہر آیت کو مضمون سمجھنے میں بہت آسانی ہوجاتی ہے۔
سونے پہ سہاگا کتاب کے آخر میں امر و نہی کا ایک بہترین اشاریہ بھی حروف تہجی کے لحاظ سے شامل ہے جس سے آپ بآسانی اس لفظ سے متعلقہ آیت تک پہنچ سکتے ہیں جو کتاب کی افادیت کو دو چند کردیتا ہے۔
🔸 پیغام حدیث
کتاب کا دوسرا حصہ مضامین حدیث پر مشتمل ہے۔ 468 صفحات پر مشتمل یہ مجموعہ تقریباً تمام مجموعہ احادیث کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ یہ کتاب کچھ یوں ترتیب دی گئی ہے کہ سب سے پہلے صحیح بخاری کی مکمل تلخیص ہے جس میں بخاری کی تمام کتب کو مضامین کے لحاظ سے مرتب کیا گیا ہے۔ ہر کتاب سے پہلے اس کا خلاصہ عنوانات کی شکل میں پیش کیا گیا ہے اور پھر انہی عنوانات کے ذیل میں آگے احادیث کے متن کو آسان اردو میں اس طرح پیش کیا گیا ہے کہ اس میں سند حذف ہے اور صرف متن ہے اور ساتھ ہی متن کے خاص الفاظ کو خط کشیدہ اور جلی کیا گیا ہے جس سے پڑھنے والے کو براہ راست حدیث کے بنیادی مضمون تک رسائی ہو جاتی ہے۔
اس کتاب کا دوسرا خاصہ اس کے چار ضمیمہ جات ہیں۔ جن میں بخاری سے ہٹ کر صحیح مسلم ، سنن اربعہ، مسند احمد ، سنن دارمی ، مؤطا امام مالک، امام طبرانی الاوسط، امام بیہقی کی السنن الکبریٰ اور امام بغوی کی شرح السنہ سے ان اضافی احادیث کو اسی انداز میں مرتب کیا ہے جس طرح بخاری کی تلخیص کی گئی ہے اور ان ضمیمہ جات میں انہی احادیث کو جمع کیا گیا جو بخاری سے ہٹ کر ہیں۔ یہ کام نہ صرف محنت طلب ہے بلکہ اس کے لیے جو عرق ریزی چاہیے وہ بھی ہر انسان کا خاصہ نہیں۔ لیکن یوسف بھائی نے جس طرح اس تمام مجموعے کو مرتب کیا بلاشبہ یہ ان کی قرآن و حدیث سے محبت اور دین کے فروغ کے لیے ان کا خلوص ہے جس پر ان شاء اللہ، وہ اللہ سے خصوصی اجر کے مستحق ہیں۔
پیغام قرآن کی طرح اس کتاب کے آخر میں بھی امر و نہی کا ایک بہترین اشاریہ بھی حروف تہجی کے لحاظ سے شامل ہے جس سے آپ بآسانی اس لفظ سے متعلقہ حدیث تک پہنچ سکتے ہیں۔ جو بلاشبہ اس پوری کتاب کا خلاصہ کہا جاسکتا ہے۔
🔶 اسلامی ضابطہ حیات (Islamic Life Style)
اسلام ہر لحاظ سے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اس کتاب میں جو کہ انگریزی میں ہے یوسف بھائی پچاس عنوانات کے تحت قرآنی آیات کا صرف انگریزی ترجمہ کچھ اس انداز میں مرتب کیا ہے کہ ہر عنوان سے متعلق تمام آیات ایک جگہ جمع ہوگئی ہیں اور اس سے اسلام نے زندگی گزارنے کا جو تصور دیا ہے اور جو اصول و ضوابط مسلمانوں کے سامنے رکھے ہیں وہ واضح ہوجاتے ہیں۔ عنوانات جن کے تحت آیات جمع کیے گئے ہیں، وہ پوری زندگی کو محیط ہیں، ان میں عقائد عبادات، معاملات ، اور اچھے برے اعمال سب شامل ہیں۔ جس کی تفصیل کمنٹس میں آپ بطور سکرین شاٹ دیکھ سکتے ہیں۔ بحیثیت مجموعی یہ کتاب اسلامی ضابطہ حیات پر قرآنی آیات کا ایک مکمل ایسا انسائیکلوپیڈیا ہے۔
آخر میں، اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ اللہ یوسف بھائی کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کے ذریعہ نجات بنائے۔ ساتھ ہی یوسف بھائی کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں کہ ان انہوں نے کمال محبت و شفقت سے یہ کتب ارسال کیں۔
جزاہ اللہ خیراً کثیرا
ان کتب کو درج ذیل لنک سے ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔
☆ پیغام قرآن
☆ پیغام حدیث
☆ اسلامی ضابطہ حیات
☆ اسلامک لائف اسٹائل
☆ کلیدی پیغامات بخاری
ان تمام کتب کی فائلز کو اس لنک 👇سے موبائل پر بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
https://drive.google.com/folderview?id=1MuwMsddF9oN-HJYJLqgoSEi5quqUGtcJ
( ندیم وجدان )
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں