پیغام قرآن و حدیث ٹرسٹ


پیغام قرآن و حدیث پبلی کیشن، کراچی

* "سب مل کر اللہ کی رسی (قرآن و حدیث) کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو"۔ (سورة آلِ عمران ۔ 103)
* "میرا پیغام لوگوں تک پہنچاؤ، اگرچہ ایک آیت ہی سہی"۔ کتاب الانبیاء، بخاری شریف


ہم اردو، سندھی اور انگریزی زبانوں میں انٹرنیٹ،سی ڈی اور سستی کتب کی مدد سے قرآن و حدیث کے آسان اور عام فہم پیغام کو عوام الناس تک پہنچانے کا فریضہ 2008 ء سے انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران اب تک تیرہ ہزار سے زائد کتب اور کتابچے شائع کئے جاچکے ہیں ۔ کتابچوں کے علاوہ پیغام قرآن و حدیث کے مجموعی طور پرسات کتابی اور دو سی ڈی ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں ۔ دیگر درجن بھر ویب سائٹس پر موجود پیغام قرآن و حدیث کے وزٹس کے علاوہ صرف پیغام قرآن ڈاٹ کام کوفروری 2012 ء تک ستر ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ ان کتب کی سالانہ اشاعت غیر تجارتی بنیادوں پر کی جاتی ہے اور مخیر حضرات کے تعاون سے قارئین تک مفت یا رعایتی ہدیہ پر فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ تمام کتب کے جملہ حقوق قارئین کے نام محفوظ ہیں۔


پیغام قرآن و حدیث ٹرسٹ کا قیام


قرآن و حدیث کے پیغام کو عوام الناس تک پہنچانے کے اس فریضہ کو مزید منظم انداز میں جاری و ساری رکھنے کے لئے ہم ”پیغام قرآن و حدیث ٹرسٹ“ کا قیام عمل میں لارہے ہیں جس کے لئے ہمیں علوم القرآن والحدیث، ادب و صحافت (اردو، انگریزی، سندھی)، آئی ٹی، پرنٹنگ، مارکیٹنگ، سرکولیشن، اشتہارات اور قانونی مشاورت سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین کی خدمات کی ضرورت ہے۔ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ مصروفیات میں سے صرف چند گھنٹے ماہانہ یا ہفتہ واراس ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد کے لئے نکال کر قرآن و حدیث کے پیغام کے فروغ میں فی سبیل اللہ حصہ لےنے کے خواہشمند رابطہ کریں۔

روابط:

٭ مدیرِاعلیٰ
 یوسف ثانی، (yousufsani@hotmail.com)

٭ مدیر منتظم
 محمدیونس (younus@sheltergroup.com.pk)
SHELTER GROUP: 7-C, Sunset lane-4, Phase-2 Ext, Defence, Karachi
٭ سرکو لیشن مینیجر 
ارسلان یوسف : پیغامِ قرآن پبلی کیشن، پوسٹ بکس ، 12207،ڈیفنس اتھارٹی ، کراچی 75500


پیغام قرآن پبلی کیشن کی مطبوعات


١۔ پیغامِ قرآن
٢۔ پیغامِ حدیث
٣۔ پیغام قرآن و حدیث
٤۔ اوامر و نواہی
٥۔ قرآن جو پیغام ۔ سندھی
٦۔ حدیث جو پیغام۔ سندھی ۔ زیر اشاعت
Message of Quran٧۔ زیرِ تالیف
Message of Hadith٨۔ زیر تالیف٩۔ سورة یٰسین ۔ عربی متن، فضائل بمع اردو مفہوم
١٠۔ تعارفی کتابچہ ۔پارہ الم وعم، کتب بدہ الوحی،الایمان، الرقاق و الاخلاق


پیغام قرآن و حدیث۔ ایک تعارف


پیغامِ قرآن: پیغامِ قرآن کے اصل متن اور ایک عام بامحاورہ ترجمہ قرآن میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے۔ پیغامِ قرآن میں آیات کے تراجم کی ترتیب کو تبدیل کیے بغیر ہر پارے کی جملہ آیات کو مختلف پیراگراف میں تقسیم کرکے ذیلی عنوانات قائم کیے گئے ہیں اور پارہ کے آغاز میں ایسے تمام ذیلی عنوانات کی فہرست بھی دی گئی ہے ،تاکہ قارئین پیغامِ قرآن کو اسی سہولت کے ساتھ پڑھ سکیں جس کے وہ عام مطالعہ کے دوران عادی ہیں۔ حوالہ کے لئے ہر پیراگراف کے آخر میں سورت کا نام اور آیت کا نمبر شمار بھی درج ہے۔ متن میں جہاں کہیں بھی امر و نہی کا بلاواسطہ یابالواسطہ حکم موجود ہے اُن سطور کو جلی اور خط کشیدہ الفاظ میں تحریر کیا گیا ہے۔ کتاب کے آخر میں جملہ اوامر و نواہی کا اشاریہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

پیغامِ حدیث : حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو بجا طور پرشارح قرآن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ قرآن آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی پر نازل ہوا اور آپ ہی اس کی بہترین تشریح و تعبیر کرسکتے ہیں۔ صحاحِ ستہ (بخاری، مسلم، ترمذی،ابو داؤد، ابن ماجہ، نسائی) میں سرِ فہرست اور قرآن کے بعد مستند ترین کتاب صحیح بخاری کوبنیاد بنا کر’ پیغامِ حدیث ‘ مرتب کی گئی ہے ۔ بخاری شریف کی کتب و احادیث کی اصل ترتیب کوبرقرار رکھتے ہوئے ابواب کے عنوانات کو حذف کر دیا گیا ہے ۔ طوالت سے بچنے کے لیے غیر ضروری تفاصیل اور بعد میں آنے والی تمام مکرر احادیث کو بھی حذف کر دیا گیا ہے۔ صرف انہی راویوں کا ذکر کیا گیا ہے جنہوں نے براہِ راست نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے۔طویل احادیث کو موضوع کی مناسبت سے چھوٹے چھوٹے نثر پاروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔احادیث کا لفظی ترجمہ کرنے کی بجائے بامحاورہ اور رواں اردو مفہوم کو اختیار کیا گیا ہے۔ ضمیموں میں صحاحِ ستہ کے دیگر مجموعوں یعنی صحیح سلم، جامع ترمذی، سنن ابی داؤد، ابن ماجہ، سنن نسائی،کے علاوہ مسند احمد، سنن دارمی، موطا امام مالک، طبرانی، بیہقی اور شرح السنہ سے اُن اضافی احادیث کو شامل کیا گیا ہے جو بخاری شریف کے جملہ کتب کی تلخیص میں شامل نہیں ہیں۔ امر و نہی پر مبنی سطور کو جلی اور خط کشیدہ الفاظ کے ذریعہ نمایاں کرنے کے علاوہ امر و نہی کا اشاریہ بھی دیا گیا ہے۔

 


پیغام قرآن و حدیث، تبصرہ و تجزیہ



٭پروفیسر ڈاکٹر وقاراحمد زبیری: یوسف ثانی کو اللہ نے ایسا مفید کام کرنے کی توفیق عطا کی ہے جو بہت سے فیوض و برکات کا سبب ہے ۔

٭مفتی محمد ابراہیم حنیف: پیغامِ قرآن کا متن، قرآن مجید کا ایک عمدہ با محاورہ اردو مفہوم ہے اور یہ فہمِ قرآن کا بہترین ذریعہ ہے۔ عربی زبان سے ناواقف لوگوںکے لےے پیغامِ قرآن ایک عمدہ کتاب ہے۔ (٢٥ جون ٢٠٠٩ء) مدرسوں اور معلمین تک رسائی نہ رکھنے والوں کے لئے پیغامِ حدیث ایک عمدہ کتاب ہے ۔ فاضل مصنف نے فنی مباحث سے کنارہ کرکے آسان اور عام فہم الفاظ میں قوم کی خدمت کی ہے۔(۷ فروری ٢٠١٠ء)

٭روزنامہ جنگ کراچی:آیاتِ قرآنی کی تعلیمات کوجب تک سمجھا نہیں جائے گا، اس وقت تک ہدایاتِ ربانی پر صحیح طور پرعمل کرنامشکل ہے۔ پیغامِ قرآن اس سلسلہ کی ایک اچھی کوشش ہے۔(١٥مارچ ٢٠٠٩ء)۔احکاماتِ الٰہی کی تفسیر و تفہیم کے لےے احادیث کا مطالعہ انتہائی ضروری ہے۔ مؤلف نے بخاری شریف کے کتب اور ابواب میں موجوداحادیث کی ترتیب میں کوئی تبدیلی کئے بغیر غیر ضروری تفاصیل اور مکرر احادیث کو بھی حذف کردیاگیا ہے۔ ۱۱ستمبر 2010

٭نوائے وقت، کراچی: موضوعاتی درجہ بندی پر مبنی اردو میں اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے۔ پیغامِ قرآن کے تیس پاروں کے بالترتیب آیاتِ قرآنی کے بلا تشریح و بامحاورہ اردو مفہوم کو ذیلی عنوانات اور فہرستِ مضامین کی اضافی خوبیوں کے ساتھ مرتب کیا گیاہے۔ ٢٧ دسمبر ٢٠٠٨ ء

٭اردو ڈائجسٹ لاہور: جو لوگ فہم قرآن سے دلچسپی رکھتے ہیں، ان کے لےے یہ ایک خاص تحفہ ہے۔بالترتیب آیات کی موضوعاتی درجہ بندی کے ساتھ یہ پیغام اپنے آپ کو منوالیتا ہے۔ ہر ترجمہ کا ایک مؤثر اور معنی آفرین ذیلی عنوان ہے، جس کے تحت مطلوبہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔(فروری ٢٠٠٩ ء) صحیح بخاری کسی مخصوص طبقے نے نہیں بلکہ ہر مکتبہ فکر کے جید عرب علما، محدثین اورمفسرین نے قرآن کے بعد اصح الکتاب کا درجہ دیا ہے۔ پیغامِ حدیث ایک اچھی کوشش ہے۔کوئی چاہنے والا ہو تو اسے اس کتاب سے بہت کچھ مل سکتا ہے۔ اکتوبر ٢٠١٠ ء

٭سیارہ ڈائجسٹ لاہور: پیغامِ قرآن میں قرآنی آیات کی ترتیب کو تبدیل کئے بغیر روایتی کتاب کی طرح پیراگراف، عنوانات اور انڈیکس کو متعارف کرایا گیا ہے تاکہ قارئین دوران مطالعہ اجنبیت محسوس کئے بغیرپیغامِ قرآن کو بھی اسی سہولت کے ساتھ پڑھ سکیں جس کے وہ عام مطالعہ کے دوران عادی ہیں۔جون ٢٠١٠ ء

٭ترجمان القرآن، لاہور: زیر نظر کتاب میں بخاری کی مکرر احادیث کو چھوڑ کر احادیث کا مفہومی ترجمہ پیش کیا گیا ہے۔ مؤلف نے اتنی بڑی فنی کتاب کے مفہوم کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے بڑی محنت اور اپنی حد تک کتاب کو عام فہم بنانے کی پوری سعی کی ہے۔ نومبر ٢٠١٠ ء

٭روزنامہ جسارت کراچی: یوسف ثانی انشائیہ نگار، کالم نویس، مصنف اور مؤلف کی حیثیت سے معروف ہیں۔ پیغامِ قرآن دراصل جدید تعلیم یافتہ مگر عربی زبان سے نابلد اردو داں طبقہ کو براہِ راست قرآن کے مطالعہ کی طرف راغب کرنے کی ایک کاوش ہے تاکہ وہ اسلام کے پیغام سے باخبر ہوسکیں۔ ٢٨ جون ٢٠٠٩ ء


(نوٹ: مزید تبصرے پیغام قرآن ڈاٹ کام پر ملاحظہ فرمائیں)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں